آئینہ مانگوں تو کیسی وہ سزا دیتا ہے - Ghyas Mateen | غیاث متین | Urdu_Poetry | Ghazals | Nazms | Official website

2017-04-24

آئینہ مانگوں تو کیسی وہ سزا دیتا ہے

aaina-mangun-to-kaisi-wo-saza-deta-hai
آئینہ مانگوں تو کیسی وہ سزا دیتا ہے
لے کے ہاتھوں میں اِک آئینہ دکھا دیتا ہے
وقت ہے ، خواب ہے ، خوشبو ہے کہ پیکر کوئی
کون ہے جو مجھے سوتے سے جگادیتا ہے
ایک چَرواہا گھنے پیڑ کے نیچے بیٹھا
داستاں اپنی پرندوں کو سُنادیتا ہے
موت کے مُنہ سے کئی بار نکل آیا ہوں
کون ہے جو مجھے جینے کی دعا دیتا ہے
ایک کمزور سا لمحہ شبِ تنہائی کا
مجھ کو خود اپنی ہی نظروں سے گِرا دیتا ہے
دِن کے ہنگاموں میں ہنستا ہوں ، چہکتا ہوں متین
شب کی تنہائی میں ، آئینہ رُلا دیتا ہے!

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں