موسموں کی طرح دل سے مرے جانے والا - Ghyas Mateen | غیاث متین | Urdu_Poetry | Ghazals | Nazms | Official website

2017-04-23

موسموں کی طرح دل سے مرے جانے والا

mausamo-ki-tarah-dil-se-mere-jane-wala
موسموں کی طرح دل سے مرے جانے والا
یاد آتا ہے بہت ، یاد نہ آنے والا
دیکھتے دیکھتے گرتی ہوئی دیوار بنا
رات کی رات وہ دیوار اُٹھانے والا
دُھوپ آنکھوں میں بسائے ہوئے جینا ہوگا
پہلی بارش کا وہ موسم نہیں آنے والا
خود ہی تصویر بنا پھرتا ہے شہروں شہروں
تیری تصویر کو آنکھوں سے لگانے والا
سامنے کی اسی کوٹھی میں رہا کرتا تھا
یہ جو فُٹ پاتھ پہ ہے کھیل دکھانے والا
تم چراغوں کی لویں کاٹ کے رکھ دیتے ہو
'میں چراغ اپنی آنکھوں میں بجھانے والا'
آئینہ دیکھ کے روتا رہا تنہائی میں
شہر کے شہر کو آئینہ دکھانے والا
اُس کی آنکھوں میں ، مِرے نام کی تحریر ملی
نقش پانی پہ بناتا ہے بنانے والا
چاک پر گھومتا رہتا ہوں شب و روز متین
ہاتھ آیا نہ کوئی ، مجھ کو بنانے والا

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں