جن سے آواز کا چہرہ نہیں دیکھا جاتا - Ghyas Mateen | غیاث متین | Urdu_Poetry | Ghazals | Nazms | Official website

2017-04-18

جن سے آواز کا چہرہ نہیں دیکھا جاتا

jin-se-aawaaz-ka-chahra-nahi-dekha-jata
جن سے آواز کا چہرہ نہیں دیکھا جاتا
ان سے اپنا لب و لہجہ نہیں دیکھا جاتا
پہلے دیکھا نہیں جاتا تھا ، پرندہ اس میں
اب یہ حالت ہے کہ پنجرہ نہیں دیکھا جاتا
جن چراغوں کو ہواوں سے بچا لائے تھے
ان چراغوں کو سسکتا نہیں دیکھا جاتا
چھت کسی کی ہو ٹپکتی نہیں دیکھی جاتی
گھر کسی کا بھی ہو جلتا نہیں دیکھا جاتا
جس علاقے میں مِرا گھر ہے وہاں سے دیکھو
آگ لگنے پہ بھی شعلہ نہیں دیکھا جاتا
نام لکھ لکھ کے ہتھیلی پر دکھاتا ہے مجھے
ہاتھ میں اس کا یہ کانٹا نہیں دیکھا جاتا
میں نے جس شخص کو دریا سے نکالا تھا کبھی
اس کو دیوار پہ چلتا نہیں دیکھا جاتا
کیوں درختوں کو کھڑے گھورتے رہتے ہو متین
پھل گِرانا ہو تو پتا نہیں دیکھا جاتا

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں