بدنظمی - Ghyas Mateen | غیاث متین | Urdu_Poetry | Ghazals | Nazms | Official website

2018-08-15

بدنظمی

یہاں
تکنیکی حقیقتوں کے لیے
سچائی کی قربانی دینی پڑتی ہے
پاکیزگی کی حفاظت کے لیے
طوائف پن اختیار کرنا پڑتا ہے
دل کے ہرن کو بچانے کے لیے
دماغ کی لومڑی کا پہرہ بٹھانا پڑتا ہے
چین کے حصول کے لیے
بے چین ہونا پڑتا ہے
مسکراہٹ کے لیے
آنسو بہانا پڑتا ہے
جذبات کی پرورش کے لیے
پتھر بننا پڑتا ہے

اُجرت کے لیے
بھیک مانگنا پڑتا ہے
وضاحت کے لیے
کنفیوز ہونا پڑتا ہے
یہاں
شاعری کے لیے
کو ّے کی طرح
کائیں کائیں کرنا پڑتا ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں